mambaululoom.in

افتتاحِ مدرسہ قصر القرآن

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مدرسہ قصر القرآن، جکور لے آؤٹ، بنگلور کا بابرکت افتتاح بروز جمعرات، بوقتِ نمازِ ظہر، 17 جولائی 2025ء، مطابق 21 محرم الحرام 1447ھ کو عمل میں آیا۔

یہ ہمارے لیے انتہائی باعثِ سعادت و افتخار ہے کہ مدرسہ قصر القرآن کا مبارک افتتاح امیرِ شریعت کرناٹک، ثالثِ فقیہ العلماء حضرت مولانا صغیر احمد صاحب رشادی رحمہ اللہ کے دستِ مبارک سے عمل میں آیا۔ حضرت علیہ الرحمہ نے اپنے دستِ مبارک سے مدرسہ کا دروازہ چابی کے ذریعے کھول کر ادارہ کا افتتاح فرمایا، جس کے بعد اذان دی گئی۔

اس موقع پر شیخ القراء حضرت مولانا سراج الدین صاحب دامت برکاتہم نے نمازِ ظہر کی امامت فرمائی۔ نماز کے بعد حضرت امیرِ شریعت رحمہ اللہ نے مدرسہ کی ترقی، قبولیت، اساتذہ، طلبہ اور تمام معاونین کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔

اس بابرکت تقریب میں دارالعلوم سبیل الرشاد، بنگلور کے معزز اساتذۂ کرام، جن میں حضرت مولانا جواد احمد خان صاحب رشادی، حضرت مولانا محمد طاہر حسین صاحب رشادی، حضرت مولانا محمد زکریا صاحب رشادی، مولانا محمد انیس صاحب رشادی، مولانا افتخار احمد محسن صاحب رشادی اور مولانا عبدالعظیم صاحب رشادی شریک تھے۔ علاوہ ازیں جناب عثمان صاحب (وسنت نگر)، جناب عبدُالمُسجِّد صاحب، جناب اعظم صاحب (ٹرسٹی، مدرسہ عربیہ منبع العلوم) اور دیگر علماء، معززین اور محبانِ دین بھی اس روح پرور تقریب میں شریک ہوئے۔

دعائیہ مجلس کے اختتام پر تمام شرکاء کے لیے ظہرانہ کا اہتمام کیا گیا، جس کے بعد مجلس اختتام پذیر ہوئی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مدرسہ قصر القرآن کو علمِ قرآن، حفظِ قرآن، دینی تعلیم اور خدمتِ اسلام کا عظیم مرکز بنائے، اس ادارے میں خیر و برکت عطا فرمائے اور اس سے وابستہ تمام اساتذہ، طلبہ، معاونین اور محسنین کی خدمات کو اپنی بارگاہ میں شرفِ قبولیت عطا فرمائے۔
آمین یا رب العالمین۔